ہلیال 8مارچ (ایس او نیوز) یہاں سے قریب جنگلاتی علاقے سے متصل ایک پچھری دیہات کی ایک نوجوان بیوہ کے ساتھ پر اسرار طریقے سے 9لوگوں کی جانب سے بڑے ہی غیر انسانی طریقے سے مسلسل اجتماعی عصمت دری کرنے کا واقعہ روشنی میں آیا ہے۔
موصولہ اطلاعکے مطابق جنسی جنونی قسم کے جن ۹نوجوانوں نے ایک 25سالہ بیوہ کو وحشیانہ طور پر جنسی تسکین کا ذریعہ بنایا ان میں سے ۸ ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا گیاہے کہ مذکورہ خاتون کا شوہر تین سال پہلے انتقال کرگیا تھااور وہ اپنے مائیکے میں رہا کرتی تھیں۔ایک دن جب وہ اپنے گاؤں جانے کے لئے کیسرولی کراس پر بس کا انتظار کررہی تھی تو اسی گاؤں کے فیاض عبدالرزاق نامی ایک نوجوان اور اس کے ساتھی نے اس خاتون کو گاؤں پہنچانے کے بہانے اپنی موٹر بائک پر سوار کرلیا۔پھر اسے گرڈولّی نامی گاؤں پہنچانے کے ساتھ ہی اس کے ساتھ دست درازیاں شروع کردیں۔ پھر ہلیال شہر سے اپنے دیگر دوستوں سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں بھی اپنے پاس بلوالیا اور سب نے باری باری اس خاتون کو بڑے وحشیانہ انداز میں اپنی ہوس کا شکار بنایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اجتماعی طور پرجنسی بھوک مٹانے کا یہ سلسلہ 25فروری کو شروع ہوااور 6مارچ تک مسلسل چلتا رہا۔
اس اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں گرفتار کیے گئے نوجوانوں کی شناخت فیاض عبدالرزاق(۲۳سال) ، صادق جمیل باگیواڑی (۲۸سال)، نصراللہ سکندر خان (۲۶سال)، ہارون محمد سلیم (۲۳سال)، صادق باشاہ خان (۲۵سال)، عالف شریف سید (۲۵سال)، جمیل حسن صاب دیسائی (۲۶سال) ، الیاس عبدالکریم انکولیکر(۲۲سال) کے طور پر ہوئی ہے جبکہ ایک اور ملزم فرار بتایا جاتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ملزمین کے پاس سے اس جرم کے لئے استعمال کیے گئے 6موٹر بائکس بھی ضبط کیے ہیں۔پولیس سرکل انسپکٹر سندریش نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ملزموں کی گرفتاری کی یہ کارروائی ڈی وائی ایس پی دیانند پوار کی نگرانی میں انجام دی گئی ۔